ملتوی امتحانات کی تاریخوں کافیصلہ نہیں ہوا، مسرور احمدزئی

219

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر ڈاکٹر مسرور احمد زئی کے مطابق گزشتہ دنوں کورونا کی تشویش ناک صورت حال کے پیش نظر حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بورڈ کے تحت منعقد ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے، ان امتحانات کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، انھوں نے مزید کہا کہ چیرمین بورڈ ڈاکٹر محمد میمن نے سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹی کو ایک لیٹر لکھا ہے جس میں ملتوی امتحانات کو منعقد کرانے کی ممکنہ
تاریخوں کا ذکر کرتے ہوئے کنڑولنگ اتھارٹی سے اجازت طلب کی ہے، اس نوعیت کے خطوط دیگر بورڈز سے بھی طلب کیے گئے ہیں تاکہ سندھ بھر کے امتحانات کے لیے مناسب تاریخوں کا فیصلہ کرنا ممکن اور آسان ہوسکے، لیکن عام سطح پر اس خط کے متن کو سمجھے بغیر اس کو امتحانات کے انعقاد کی تاریخیں تصور کیا جانے لگا۔ اسی سلسلے میں ناظم امتحانات حیدرآباد تعلیمی بورڈ ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے ا ایک وضاحتی بیان کے ذریعے تمام طلبہ و طالبات کو مطلع کیا ہے کہ ملتوی امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان باقاعدہ اور باضابطہ ٹائم ٹیبل کے ذریعے کیا جاتا ہے اور اسی طرح کیا جائے گا۔ اور ٹائم ٹیبل کا اجراءحکومتی احکامات کی روشنی میں جلد کیا جائے گا۔