عالم اسلام کو مصائب کا سامنا دین سے دوری کی وجہ سے ہے،علماء مشائخ

325

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے ضلعی صدر پیر مولانا ریاض احمدسعدی نے کہا ہے کہ قوم محرم الحرام کے مہینے میں پُرامن رہتے ہوئے اتحاد و یگانگت کا ثبوت دے عالم اسلام کو آج جن مصائب وآلام کا سامناہے وہ دین سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ ان مشکلات کاحل صرف اورصرف اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔ امت مسلمہ کو اخوت و بھائی چارہ اور یگانگت و اتحاد کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ امت مسلمہ غیروں کی غلامی چھوڑ کر خود پر انحصار کرے تو ہمارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔کوئی بھی دشمن ہمارے اس قومی اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔محرم الحرام ہمیں امن،اخوت بھائی چارے اور صبر کا درس دیتا ہے، ماہ محرم میں امن کا قیام یقینی بنانے کیلیے پوری قوم اتحاد کا مظاہرہ کرے،امن وامان کو برقراررکھنے کے لیے جماعت اسلامی علما مشائخ ونگ کے زیراہتمام علما اور مشائخ کا اہم پروگرام بھی کیا جائے گاجس میں علما اورمشائخ منبرومحراب سے امن کی صدا بلندکرنے کی درخواست کی جائے گی۔انہوں نے واقعہ کربلا تاریخ انسانی کا ایک دلخراش واقعہ ہی نہیں بلکہ ظلم اور درندگی کی ایک ایسی داستان ہے جسے کبھی فراموش نہیںکیا جاسکتا۔ انہوںنے کہا کہ نفاذ عدل اور انسان کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلیے نواسہ رسول ؑ نے جو لازوال قربانی دی وہ مسلمانوں کیلیے تاقیامت مشعل راہ رہے گی۔انہوںنے کہاکہ محرم الحرام شہادتوں حق گوئی اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا عظیم درس دیتا ہے جس پر عمل کرنے سے انسانوں کی بقا سلامتی اور اقوام عالم میں اتحاد و یگانگت کا جذبہ زندہ رہ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کیلیے ہم سب کومتحد ہوکر میدان میں نکلنا ہوگا۔ ملک دشمن قوتیں فرقہ واریت پھیلاکر وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں پاکستان کو پر امن، مستحکم بنانے کیلیے،امن،محبت،بھائی چارہ کی فضا کو قائم کرنا ہوگا۔انہوں نے تمام مسالک سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کو اپنی صفوں میں شامل نہ ہونے دیں محرم الحرام میں ملک کی فضا کو خوشگوار بناکر شرپسندوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملادیں۔