میرپورخاص ،محرم الحرام میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

258

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ایڈ منسٹر یٹر میونسپل کمیٹی ڈاکٹر شاہدہ پروین جامڑو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں گے ،امام بارگاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں کے اطراف میں روشنی کا بہتر بندوبست بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کی آمد سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں چیف میونسپل آفیسر قاضی اسلم، شہر کی مختلف امام بارگاہوں،عزا خانوںکے متولی اور جلوسوں کے پرمٹ ہولڈرز کے علاوہ پولیس اور بلدیاتی افسران نے شرکت کی ۔اس موقع پراجلاس کے شرکا نے ایڈمنسٹریٹر کو مختلف تجاویز پیش کیں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر ڈاکٹر شاہدہ پروین جامڑوز کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شرکا نے جو بھی مسائل پیش کیے ہیں انہیں محرم الحرام سے قبل حل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں امن و امان کو قائم ر کھنے، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں اور مجالس کے دوران اسٹریٹ لائٹس و دیگر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام خاص طور پر عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر امام بارگاہ اور عزا خانوں کے منتظمین نے بلدیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت حسینؓ کی شہادت ہمیں امن بھائی چارگی کا درس دیتی ہے اور ہمیں ان ایام میں بھائی چارگی کے فروغ کے لیے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ اجلاس کے شرکا نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔