دکاندار سختی سے کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، عبدالجبار خان

268

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تاجر برادری کے ساتھ ظلم و زیادتی کرنے والوں کیخلاف مرکزی انجمن تاجران کی جانب سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں اگر ایس او پیز پر مکمل عمل نہ کیا گیا اور ویکسینیشن نہ کروائی گئی تو لہر شدت اختیار کر جائیگی، تمام دکاندار سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انجمن تاجران ہیر آباد کی جانب سے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے سلسلے میں پروگرام سے مرکزی انجمن تاجران میرپورخاص سندھ کے صدر عبدالجبار خان نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تاجروں نے اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے ہیر آباد کے ساتھ سوتیلا پن کیا جارہا ہے، پورے شہر کے لیے قانون کچھ اور ہے اور ہیر آباد کے لیے قانون کچھ اور۔ ہمارا حلال روزی کمانا حرام ہوگیا ہے، لہٰذا ہمیں اس عذاب سے نجات دلوائی جائے۔ عبدالجبارخان نے تمام تاجروں کے تفصیلی مسائل سننے کے بعد کہا کہ مرکزی انجمن تاجران اب کسی بھی تاجر کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی، زیادتی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی چوتھی لہر میں اگر ایس او پیز پر مکمل عمل نہ کیا گیا اور ویکسینیشن نہ کروائی گئی تو یہ لہر شدت اختیار کرجائے گی، تمام دکاندار سختی سے ایس او پیز پر عمل کریں۔ بعد ازاں تمام تاجران نے عبدالجبار خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری چاچا اکرام قریشی، انجمن تاجران ہیر آباد کے صدر محمد عمران شاہ جنرل، سیکرٹری سہیل نظامی، عہدیدار تنور احمد حاجی لیاقت اور بڑی تعداد میں ہیر آباد کے تاجران نے شرکت کی۔