پی ٹی آئی کی سندھ میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانیکی درخواست

96

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کی سندھ میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست۔ عدالت نے پارٹی وکلا کو عدالتی فیصلے کا جائزہ لینے کی مہلت دے دی۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت۔ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ اس پر عدالتی فیصلے موجود ہیں، پہلے وہ دیکھیں۔ بعدازاں سماعت9 اگست تک ملتوی کردی گئی۔ درخواست رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان سمیت 6 اراکین اسمبلی نے دائر کی تھی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی سیٹ اپ اگست2020ء میں ختم ہوا تھا، حکومت قانون کے مطابق120 روز میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی پابند ہے، ایک سال گزر جانے کے باوجود صوبے میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے گئے، تاحال بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی ٹھوس وجہ بھی نہیں بتائی گئی، سندھ میں فوری بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ کراچی اور دیگر شہروں میں غیر جانبدار ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا حکم دیا جائے،صوبائی حکومت کو من پسند افراد کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے سے روکا جائے،آرٹیکل 140 اے کے تحت بلدیاتی اداروں کواختیارات دیے جائیں۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی حکومت بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی ہے ،انہیں ڈر ہے کہ دیگر صوبوں کی طرح ان کا یہاں سے بھی صفایا نہ ہوجائے ۔