بھارت کا بڑی جمہوریت ہونے کادعویٰ پھر بے نقاب ہوگیا ‘فواد چودھری

124

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیراطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے غیرملکی صحافیوں کے واہگہ کے راستے پاکستان آنے پر پابندی کا بھارتی فیصلہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، عالمی صحافیوں کو پاکستان آنے سے روک کر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا نام نہاد دعوی ایک بار بے نقاب ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ فارن میڈیا کے نمائندوں کو پاکستان آنے سے روک کر مودی حکومت نے اپنے ان دعوئوں کی نفی کی ہے جو اس کے وزیر خارجہ نے حال ہی میں اعتدال پسندی، بات چیت اور عالمی قانون کے درس کے طور پر دنیا کے سامنے کیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے اس خوف میں مبتلا ہونے کا واضح ثبوت ہے کہ وہ سچائی کا سامنا نہیں کر سکتا۔علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ حکومت نے کیبل آپریٹرز کے لیے نیشنل ڈیجیٹل کیبل پالیسی 2021ء کی منظوری دے دی ہے،پالیسی کے تحت کیبل آپریٹرز کے لیے سبسکرپشن ماڈل کا آغاز ہوگا جس سے موجودہ کیبل آپریٹرز کو نئے چینلز چلانے کے لیے سبسکرپشن کی سہولت میسر آئے گی۔