بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ،صدر مملکت

176
اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت نے پاکستان کا امن تباہ کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ، اگلے کچھ مہینوں میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، بھارت پاکستان کا امن برباد کرنے کے در پر ہے اور لاہور واقعے میں بھی بھارت ملوث تھا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس کی تقریب میں شرکت باعث فخر ہے ، پولیس کی بے پناہ قربانیوں اور ان کے مسائل کا ادراک ہے۔فوج اور پولیس کی قربانیوں سے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا ، پاکستان کی افواج اور پولیس نے پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنا خون پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ اگلے کچھ مہینوں میں سکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔