کراچی سے یومیہ ساڑھے10ہزارٹن کچرا پیدا ہورہا ہے، زبیر چنا

78

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ ( ایس ایس ڈبلیو ایم بی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر زبیر چنا نے بتایا ہے کہ کراچی میں کچرا اٹھاکر ٹھکانے لگانے کا دائرہ کار جلد ہی ضلع کورنگی اور وسطی تک بڑھادیا جائے گا جبکہ اسپتالوں سے نکلنے والے کچرے کو تلف کرنے کے انسییریش پلانٹس کی تنصیب کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ وہ بدھ کو ” جسارت ” سے گفتگو کررہے تھے۔ زبیر چنا نے بتایا ہے کہ ان دنوں کرچی سے یومیہ ساڑے دس ہزار ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس میں سے نو ہزار ٹن اٹھاکر لینڈ فل سائٹ پہنچادیا جاتا ہے۔ان سے سوال کیا گیا کہ پہلے بارہ ہزار ٹن یومیہ کچرا پیدا ہونے کی رپورٹس تھیں تو کیا اب اس کی مقدار کم ہوگئی ہے ؟ ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ نے جواب دیا کہ ” حال ہی میں ہم نے ایک سروے کرایا تھا جس کے مطابق شہر میں روزانہ دس ہزار پانچ سو ٹن کچرا پیدا ہورہا ہے”۔ ان کا کہنا تھا کہ یومیہ 15 سو ٹن کوڑا کرکٹ نہ اٹھائے جانے کی مختلف وجوہات ہے تاہم شہر جلد شہر میں واضح طور پر صفائی ستھرائی دیکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع وسطی اور کورنگی کے صفائی کے امور اس ماہ کے آخر یا ستمبر تک ایس ایس ڈبلیو ایم بی سنبھال لے گا۔ زبیر چنا نے بتایا کہ شہر کے اسپتالوں سے نکلنے والے کچرے کو سائینسی بنیادوں ضائع کرنے کے پروجیکٹ پر کام جاری ہے یہ دو سالہ پروجیکٹ یے جس کے مکمل ہونے کے لیے ایک سالہ رہ گیا ہے۔