تحفظ والدین آرڈیننس‘3 کیسز کا فیصلہ‘ بیٹوں کو سزا و جرمانہ

199

فیصل آباد(صباح نیوز) ضلعی انتظامیہ نے تحفظ والدین آرڈیننس 2021ء کے تحت 3 کیسز کا فیصلہ سنا دیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے فریقین کا موقف سنتے ہوئے ڈی ٹائپ کالونی کے محمد نذیر ظفر، رضا آباد کے محمد اقبال اور بلال ٹائون وارث پورہ روڈ کے عبداللطیف کی درخواستوں پر ان کے بیٹوں کو والد کو گھر سے نکالنے اور گھر پر قبضہ کرنے کی پاداش میں 30 دن قید اور فی کس50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ بعض لوگوں کا اپنے والدین کے ساتھ رویہ غیر مناسب ہوتا ہے،ان پر تشدد کرتے اور ان کو گھر سے نکال دیتے ہیں لیکن حکومت نے بزرگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے والدین تحفظ آرڈیننس2021ء جاری کیا ہے جس کے تحت انہوں نے درخواست گزاروں کوبیٹوں سمیت اپنے آفس بلایااور فریقین سے ان کا موقف سنتے ہوئے انہیں آپس میں تصفیہ کا موقع دیالیکن تینوں والد اپنے بیٹوں کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں تھے جس پر آرڈیننس تحفظ والدین 2021ء کے تحت بیٹوں کوایک ماہ قید اور 50ہزار روپے جرمانے کا فیصلہ سنادیااور انہیں فوری حوالہ پولیس کرادیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 7 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 3 پر سزائیں، ایک صلح اور3 درخواستیں زیر سماعت ہیں۔