خلیج عمان میں اغواء کردہ برطانوی جہاز بازیاب

63

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیج عمان میں اغوا ہونے والا برطانوی جہاز بازیاب کرا لیا گیا۔ برطانوی حکام نے جہاز اغوا کرنے کا الزام ایرانی فوج پر عائد کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ سے 60 بحری میل کے فاصلے پر برطانوی جہاز کو اغوا کیا گیا تھا۔ برطانوی فوج کی جانب سے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا گیا کہ اغوا کاروں نے جہاز کو چھوڑ دیا ہے۔ برطانیہ نے خلیج عمان میں جہاز کے اغوا کا الزام بھی ایران یا اس کی حمایت یافتہ تنظیموں پر لگایا ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے قریب چند سمندری جہازوں کے ساتھ ہونے والے واقعات مشکوک نوعیت کے ہیں۔ اس نے ایران کے خلاف غلط فضا بنانے کے بارے میں بھی خبردار کیا۔ ادھر برطانیہ، رومانیا اور لائبیریا نے بدھ کے روز عالمی سلامتی کونسل کو آگاہ کیا کہ غالب گمان یہی ہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے عمان کے نزدیک آئل ٹینکر پر حملے کے لیے ایک یا ایک سے زیادہ ڈرون طیاروں کا استعمال کیا۔ تینوں ممالک نے سلامتی کونسل کو بھیجے گئے خط میں بتایا کہ اس حملے نے بین الاقوامی مال برداری کی سلامتی اور امن کو نقصان پہنچایا ہے، اور یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی تھی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ اس کارروائی کی مذمت کرے۔ جب کہ اسرائیل نے سلامتی کونسل کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ آئل ٹینکر پر یہ حملہ سمندروں میں ایران کی جانب سے جاری بحری دہشت گردی کی ایک نئی مثال ہے۔