لبنان سے راکٹ حملہ،اسرائیل میں خوف و ہراس

214
مقبوضہ فلسطین: اسرائیلی آبادیوں پر لبنان سے داغے گئے راکٹ گرنے کے مقامات پر شعلے اور دھواں اٹھ رہاہے

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان سے اسرائیل کی جانب کئی راکٹ داغے گئے، جن سے مختلف مقامات پر خوف ناک آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق لبنانی سرحد کے قریب واقع کریات شیمونہ، کفر گیلادی اور تل ہائی نامی شہروں میں سائرن بجا دیے گئے۔ لبنان کی طرف سے 3راکٹ داغے گئے، جن میں سے 2 اسرائیل میں آبادیوں کے درمیان اور ایک لبنانی سر زمین پر گرا۔ ان حملوں کے بعد اسرائیلی علاقوں میں افراتفری پھیل گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ س نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لبنانی علاقوں پر گولہ باری کی۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ لبنان کے ساتھ واقع سرحدی علاقے میں 3 آبادیوں میں انتباہی سائرن بجائے گئے، مگرفوج نے علاقے میں شہریوں پر کوئی پابندی عائد نہیں کی ۔ اسرائیلی چینل 12 نے دعویٰ کیا کہ آئرن ڈوم دفاعی نظام نے ایک راکٹ کو روک کو ناکارہ بنادیا تھا اور ایک فضا ہی میں پھٹ گیا تھا۔ تاہم فوج نے راکٹ گرنے کی تصدیق کی۔ اسرائیل کے شمال میں واقع وادیِ جلیل میں شہری سیکورٹی کے سربراہ اساف لین گلبین نے مقامی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ علاقے میں سیاحتی موسم کے عروج کے دنوں میں یہ راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ہمارے لیے حیران کن تھا، لیکن یہ کوئی ایسا انہونا واقعہ نہیں جس کے رونما ہونے کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینت اور وزیردفاع بینی گینٹس کو اس پیش رفت کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی ردعمل کی نگرانی کررہے ہیں۔ اسرائیلی شہر میں راکٹ گرنے کے بعد آگ دیکھی گئی ہے اور حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے تھے۔ فوری طورپر راکٹ حملے اور اسرائیلی فوج کی گولہ باری سے کسی جانی اورمالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔