اقوامِ متحدہ نے شیخ جراح سے فلسطینیوں کی بے دخلی مسترد کردی

63

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے قابض اسرائیلی ریاست کے ہاتھوں مقبوضہ علاقوں سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو مسترد کردیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی عدالت عظمیٰ کی جانب سے فلسطینی خاندانوں کو بے گھر کرنے کے فیصلے کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست پر فلسطینیوں کی بے دخلی کے فیصلے کومؤخر کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ اسرائیلی عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کی منتظرہے۔ ڈوجارک نے کہا کہ ہم عدالت کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، جو اس ہفتے کے آخر میں جاری کیا جائے گا، لیکن ہماری پوزیشن واضح ہے۔ بین الاقوامی قانون نہ تو بستیوں کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے کی اجازت دیتا ہے۔ دوسری جانب انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مئی کے دوران غزہ میں کیے گئے حملوں میں 6 شہریوں کی ہلاکت کو خفیہ رکھا ہے۔ اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی فوج نے 13 جولائی کو بیت حنون میں بم باری کی منصوبہ بندی کے باوجود وہاں کے مکینوں کے انخلا کا حکم نہیں دیا تھا۔ اس حملے میں 3 خواتین اور 2 بچوں کے علاوہ ایک شخص جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔