ـ2 سال بعد بھی کشمیر ی بھارتی فیصلے کیخلاف ہیں،بھارتی میڈیا

89

سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے 2 سال بعد بھی کشمیر میں بھارتی فیصلے کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق آرٹیکل 370کے خاتمے کے 2 برس گزرنے کے باوجود بھی جموں و کشمیر خاص طور پر جموں کے لوگ بھارتی حکومت کے اس فیصلے سے کافی ناراض نظر آ رہے ہیں۔ بھارتی ٹی وی کے ساتھ بات کرتے ہوئے جموں کے نوجوانوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی سے کام لیا ہے۔ 370کے خاتمے کے وقت کیے گئے وعدے محض وعدے ہی ثابت ہوئے، انہیں آج تک عملہ جامہ نہیں پہنایا گیا۔بھارتی ٹی وی کے کے مطابق قابل ذکر ہے کہ دفعہ 370کے خاتمے کے بعد وادی کشمیر کے بر عکس بعض جموں کے کچھ حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا ، تاہم اس وقت زمینی صورتحال مختلف نظر آ رہی ہے۔سرمائی دارالحکومت جموں کے باشندوں نے بات کرتے ہوئے بے جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا بی جے پی کے تعمیر و ترقی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے، مہنگائی عروج پر ہے، بے روزگاری میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے، 2 برس گزرنے کے باوجود کچھ بھی نہیں بدلا۔ ایک تو ہماری خصوصی آئینی حیثیت چھینی گئی، 2 حصوں میں منقسم کیا گیا اور اسکے بدلے میں تعمیر و ترقی کے صرف خواب دکھائے گئے، زمینی سطح پر حالات ابتر ہو چکے ہیں۔