کورونا سے مزید 46 اموات ،سندھ کے سوا ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ

357

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+آن لائن) پاکستان میں کورونا سے مزید46 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ اموات کی مجموعی تعداد 23 ہزار 575 ہوگئی ہے جب کہ مثبت کیسز کی شرح8.22 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں کورونا کی تشخیص کے لیے 57 ہزار 398 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4ہزار 722 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے سندھ کے سوا پورے ملک کے تمام تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کا اجلاس ہوا، جس میں تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدر آمد کے لیے مختلف آپشنز پر غور ہوا۔اجلاس میں سندھ کے وزیرتعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی میں کرونا وائرس کی صورتحال اس وقت بھی تسلی بخش نہیں ہے، دیگر صوبوں کی نسبت سندھ اور بالخصوص کراچی اور حیدرآباد میں مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم تعلیمی ادارے اس وقت کھولنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی ادارے 8 اگست تک مکمل بند رہیں گے، اس کے بعد صورتحال کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا، 8 اگست کو کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، صورتحال کی بہتری پر فوری طور پر انٹر سال دوئم کے باقی ماندہ امتحانات کو مکمل کیا جائے گا۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں فیصلہ ہوا کہ بورڈ امتحانات جاری رکھے جائیں گے،سندھ کے سوا ملک بھر میں50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسیں جاری رکھی جائیں گی تاہم 31اگست تک تعلیمی اداروں کے اسٹاف کی 100فیصد ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے گی۔ کانفرنس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ طلبہ کو لازمی مضامین میں 5فیصد اضافی نمبرز دیے جائیں گے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث محکمہ اوقاف پنجاب نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے مزارات 31 اگست تک بندکردیے۔ محکمہ اوقاف نے زائرین کے لیے مزاروں کی بندش کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاہے جس کے مطابق مزاروں سے ملحقہ مساجد ایس اوپیز کے مطابق کھلی رہیں گی۔