کمانڈرز ہر طرح کے چیلجنز کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں،آرمی چیف

129

راولپنڈی/ اسلام آباد (صباح نیوز+ اے پی پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ کمانڈرز نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں، وہ بدھ کو بلوچ ریجمنٹل سینٹر میں افسران سے خطاب کررہے تھے ،آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سالانہ کمانڈنگ آفیسرزکانفرنس کے موقع پر بلوچ ریجمنٹل سینٹرایبٹ آباد کا دورہ کیا اور یاد گار شہدا پر پھول چڑھائے،بعد میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے بلوچ ریجمنٹل سینٹر کے پیشہ ورانہ معیار اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمانڈرز اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں بخوبی انجام دیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہر سطح پر کمانڈرزنئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہیںاور انہیں پیشہ وررانہ صلاحیتیں حاصل کرنے کی طرف توجہ مرکوز رکھتے ہوئے موجودہ ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کوتازہ حالات سے باخبر رکھنا چاہیے۔ علاوہ ازیں پاک فوج نے ملک میں امن و استحکام کے لیے پاکستان پولیس کے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ یوم شہداء پولیس پر پاکستان پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان پولیس نے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں یادگار قربانیاں دی ہیں جنہوں نے ملک میں امن اور استحکام لانے میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے۔ مزید برآں پاک فضائیہ نے ملک میں امن ، استحکام اور سلامتی کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پاکستان پولیس فورس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بدھ کو پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے یوم شہداء پر پاک فضائیہ پولیس فورس کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک میں امن ، استحکام اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ پاک فضائیہ ا ن کی حب الوطنی ،بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتی ہے۔