تحریک انصاف کے عبدالقیوم نیازی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

162

مظفرآباد(خبر ایجنسیاں)آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی آزاد کشمیر کے 13ویں وزیراعظم ہیں جو بدھ کو 33 ارکان قانون ساز اسمبلی کے ووٹ لے کر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔ ان کے مد مقابل اپوزیشن کے امیدوار چودھری لطیف اکبر نے 15 ووٹ حاصل کیے۔تحریک انصاف کے سردارعبدالقیوم نیازی نے آزادکشمیر کے 13ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھالیا جبکہ سردار تنویر الیاس نے سینئر وزیر کا حلف لے لیا۔ صدرآزادکشمیر سردار مسعود خان نے دونوں عہدیداروں سے حلف لیا۔ بدھ کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں نومنتخب وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے عہدے کاحلف لیا۔ حلف برداری تقریب میں ا سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری انوارالحق ارکان اسمبلی اور سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔سیکرٹری سروسز چودھری لیاقت حسین نے نومنتخب وزیراعظم اور سینئر وزیر کے عہدوں کا نوٹی فکیشن پڑھ کرسنایا۔ سردار عبدالقیوم نیازی عباسپور کی پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے وزارت عظمیٰ کاحلف اٹھایا ہے اس سے قبل عبدالقیو م نیازی 2006سے2011تک وزیر رہ چکے ہیں۔دریں اثناء ایوان صدر پہنچنے پر نومنتخب وزیراعظم کو آزادکشمیر پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔پولیس کے چاق وچوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ روایت سے ہٹ کر وزیراعظم کا انتخاب ایک تاریخ رقم ہوئی ہے جس پر میں چیئرمین تحریک انصاف وزیراعظم پاکستان کاشکر گزار ہوں ان شاء اللہ ان کے ویژن کے مطابق حکومت چلائیںگے جس میں تحریک آزادی کشمیر، قانون کی پاسداری اور گڈگورننس ہے اس پرکاربند رہیں گے اور انہی نکات پر ریاست کو آگے لے کر جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی کوشوں سے دوسری بار کنٹرول لائن پر فائربندی ہوئی ہے اور کنٹرول لائن کی عوام اب سکون کی زندگی گزار رہے ہیں اور اس سے کافی فرق پڑا ہے جوظلم و بربریت کنٹرول لائن پر تھی بالکل مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی تھی اب ایل او سی پر امن ہوچکا ہے جس کے بعد اب مقبوضہ کشمیر کے بارے میں سوچیں گے۔ دریں اثناء ا سپیکر قانون ساز اسمبلی نے قانون ساز اسمبلی کے قواعد انضباط کار کی قاعدہ 17(الف)کے تحت چودھری لطیف اکبر کو قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔سیکرٹری قانون ساز اسمبلی نے چودھری لطیف اکبر کے عہدے کا نوٹی فکیشن جاری کردیاہے۔