سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ3 وزراء اور ایک مشیر فارغ کئے جانے کا امکان

279

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق موجودہ کابینہ سے 3 وزرااورایک مشیر کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ کچھ وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے جائیں گے۔ حکومت سندھ کے باخبرذ رائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کابینہ میں رد و بدل کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سہیل انور سیال ،نثاراحمد کھوڑو اور ہری رام کو سندھ کابینہ سے فارغ کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سعید غنی سے محکمہ تعلیم اور سیدناصر حسین شاہ سے اطلاعات کا قلمدان واپس لیا جاسکتا ہے۔سردار شاہ کو وزیرتعلیم اور سعید غنی کو وزیر اطلاعات بنانے کی توقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماعیل راہو سے زراعت اور تیمور تالپورسے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان واپس لینے کا اصولی طور پرفیصلہ کرلیا گیا ہے ۔تبدیل شدہ کابینہ میںجام خان شورو،گیان چند، ضیا عباس کو صوبائی وزیر بنایاجائے گا۔ضیاعباس کو وزیر آبپاشی اور جام خان شورو کو ورکس اینڈ سروسز کا قلمدان ملنے کا امکان ہے۔اطلاعات ہیں کہ جام اکرام دھاریجو سے اینٹی کرپشن کا قلمدان واپس لے لیا جائے گا اورمعاون خصوصی بنگل خان مہر کو اینٹی کرپشن کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے جبکہ صوبائی وزیر اسماعیل راہو کو یونیورسٹیز اینڈ بورڈز اور محکمہ ماحولیات کا قلمدان دیے جانے کی توقع ہے۔ مکیش کمار کو خوراک اورگیان چند کو اقلیتی امور کا قلمدان دیاجاسکتا ہے۔تیمور تالپور کو وزیر جنگلات بنایاجائے گا۔اسی طرح تنزیلہ قنبرانی کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی بنانے پر غور ہورہا ہے۔منظور وسان کو وزیراعلیٰ کا مشیر زراعت بنانے کا امکان ہے۔ حکومت سندھ نے وزیراعلیٰ کے5معاونین خصوصی مقررکرنے کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔ نئی کابینہ میںریاض شیرازی،رسول بخش چانڈیو،ارباب لطف اللہ کو وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنایاجائے گا۔ساجد جوکھیو کو صوبائی وزیر سماجی بہبود بنائے جانے کا امکان ہے۔لیاقت آسکانی،ایازمہر کو بھی سندھ کابینہ میں نمائندگی دی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ میں شامل کیے جانے والے نئے وزراکی تقریب حلف برداری(آج )جمعرات کی شام7بجے گورنر ہاؤس کراچی میں ہوگی۔گورنر سندھ عمران اسماعیل وزرا سے حلف لیں گے۔