دنیابھر میں کورونا کےمریضوں کی تعداد 20کروڑ ہو گئی

360

جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 کروڑ 3 لاکھ 55 ہزار 12 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 42 لاکھ 60 ہزار 647 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 54 لاکھ 93 ہزار 10 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 92 ہزار 872 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 18 کروڑ 6 لاکھ 1 ہزار 355 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ولڈومیٹر کے مطابق کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 30 ہزار 497 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 60 لاکھ 49 ہزار 15 ہو چکی ہے۔

ایک ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 25 ہزار 789 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 17 لاکھ 69 ہزار 132 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 58 ہزار 597 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 کروڑ 99 لاکھ 86 ہزار 73 ہو گئی۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 1 لاکھ 61 ہزار 715 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 63 لاکھ 56 ہزار 784 ہو چکی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 29 ہزار 881 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 59 لاکھ 23 ہزار 820 ہو چکی ہے۔

ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 51 ہزار 645 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 57 لاکھ 95 ہزار 665 ہو چکے ہیں۔

کولمبیا میں کورونا وائرس 1 لاکھ 21 ہزار 484 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 48 لاکھ 7 ہزار 979 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسپین اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 81 ہزار 773 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 45 لاکھ 23 ہزار 310 ہو گئے۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 47 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 270 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 28 ہزار 952 تک جا پہنچی ہے۔

ایک ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 107 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 93 ہزار 289 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

دوسری جانب    سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 8 فیصد سے زائد ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 722 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 46 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 454 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 22 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 23 ہزار 575 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 47 ہزار 999 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 78 ہزار 595 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 858 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 9 لاکھ 45 ہزار 829 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔