پی ٹی آئی کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی داستان ہے، سراج الحق

453

لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہناہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی خارجہ پالیسی ناکامیوں کی مسلسل داستان ہے، حکومت کو معیشت اور داخلہ و خارجہ محاذوں پر توجہ دینا ہو گی۔

منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم کا کوئی وعدہ اور اعلان سامنے لانا مشکل ہے جس پر انھوں نے یوٹرن نہ لیا ہو، وہ کشمیریوں کے نام کے ہی سفیرہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  مودی کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے فاشسٹ اقدام کو دو سال گزر گئے، مگر اسلام آباد کے ایوانوں میں خاموشی چھائی ہے، مقبوضہ وادی میں لاکھوں انسان تہتر برسوں سے بھارت کے ظلم و استبداد کا شکار ہیں، مگر عالمی اداروں، مغربی طاقتوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ تاجر پریشان جبکہ لاکھوں نوجوان بے روزگاری کی دلدل میں پھنس چکے ہیں ، نظام بوسیدہ اور حکمران دن رات قوم سے جھوٹ بولتے ہیں، ملک پر 45 ہزار ارب روپے کے قرضوں کے بوجھ کا ذمہ دار طبقہ خود عیاشیاں کر رہاہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  چند گھرانے چچا ، بھتیجا ، باپ اور بیٹا کی شکل میں ایوانوں میں براجمان ہیں جنھیں عوام کی نہ کوئی فکر تھی نہ ہے، کرپشن اور دھوکہ دہی سے الیکشن جیتنے والوں سے جان چھڑاناہوگی ۔

انہوں نے مزید کہاکہ  قوم سنت حسینؓ کی پیروی کرتے ہوئے ظلم کے خلاف ڈٹ جائے، اسلام کے معاشی نظام سے رہنمائی لینا ہوگی، جماعت اسلامی الیکشن میں پورے ملک میں امیدوار کھڑے کرے گی۔