کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا‘ عثمان بزدار

85

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیلا۔ قوم بے لاگ احتساب کی حامی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، بدعنوان عناصر کو صرف لوٹ مار سے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کی فکر ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، ان کے دور میں کرپشن اپنے عروج پر رہی، سابق حکمرانوں نے ملک و قوم کی بجائے صرف ذاتی مفادات کو مقدم رکھا، سابق ادوار میں کرپشن نہ ہوتی تو ملک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں حکومتی خزانے کو بے دردی سے غلط منصوبوں پر ضائع کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔اب کرپٹ عناصر کے احتساب ہی سے ملک آگے بڑھے گا۔