الخدمت کی ’’درخت لگائیں، جشن آزادی منائیں‘ مہم شروع

145

لاہور (نمائندہ جسارت) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور صحتمند زندگی کی ضمانت ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ماہ اگست کے پورے مہینے میں ’’درخت لگائیں جشن آزای منائیں‘‘ مہم کو بھر پور انداز میں چلائے گی۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پورے صوبائی دارالحکومت میں ہر روز مختلف پارکوں، سوسائٹیز سمیت دیگر جگہوں پر پودے لگا کر اس مہم کو چلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کے عہدے داران و ذمہ داران کے خصوصی اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور انجینئر احمد حماد رشید، جاگ میرے لاہور کے کنونیئر و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود احمد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور مغیث شاہد قریشی ودیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہدنے مزید کہا کہ اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ماہ اگست میں کم ازکم ایک پودا ضرور لگائیں۔ فضائی آلودگی کے خاتمے اورآنے والی نسلوں کے لیے بہتر صحتمند ماحول کے لیے شجرکاری انتہائی ضروری ہے۔اجلاس میں سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور نے الخدمت رکشہ روزگار اسکیم کے تحت مزید بے روزگار افراد کے لیے رکشوں کی منظوری دیتے ہوئے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور میں صاف پانی کی فراہمی، الخدمت روزگار اسکیم ،رکشہ روزگار اسکیم، صحت و تعلیم اور دیگر پروجیکٹس کو جاری رکھیں اوریہ خدمت کا سلسلہ مخیر اور اہل خیر حضرات کے تعاون سے جاری رہے گا۔