سراج الحق 3 روزہ تنظیمی دورے پر جمعہ کو راولپنڈی پہنچیں گے

198

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم 3 روزہ تنظیمی دورے پر 6 اگست کو راولپنڈی پہنچیں گے۔ اس دوران جماعت اسلامی کے رہنما کارکنوں کے علاوہ شہر کے قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں شہریوں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عوامی وفود سے ملاقاتیں کریں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نظم کے اس دورے کا آغاز 6 اگست کو جماعت اسلامی کے مقامی رہنما رضا احمد شاہ کی رہائش گاہ پر ناشتے کی نشست سے ہوگا۔ اس کے بعد مقامی صنعت و تجارت کے عہدیداروں کے ساتھ ظہرانہ ہوگا۔ 7 اگست کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پریم یونین کا جلسہ بھی اسی پروگرام کا حصہ ہے اورا سی روز شہر کے موثر افراد اور کاروباری طبقے کے لوگوں کے ساتھ عشائیہ ہوگا جس میں قرطبہ سٹی اور رئیل اسٹیٹ کے لوگ شریک ہوں گے۔8 اگست کو تعلیمی کنونشن ہوگا جس میں پروفیسر ابراہیم خان، وقاص انجم جعفری شاہد وارثی اور افتخار علی جنجوعہ اظہار خیال کریں گے۔ اسی روز ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ ظہرانہ ہوگا اورا سے قبل عزم نو کنونشن ہوگا، جس میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم اور اقبال خان خطاب کریں گے اور اسی روز پختون جرگہ ہوگا جس میں لیاقت بلوچ، بختیار مانی اور حافظ ساجد انور اظہار خیال کریں گے۔ اسی روز رات کو جماعت اسلامی کے بزرگ ارکان کے لیے عشائیہ ہوگا جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق خطاب کریں گے۔