کشمور ،محرم الحرام میں سیکورٹی کیلئے نیشنل ایکشن پلان مرتب

135

کشمور (نمائندہ جسارت) محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلے میں ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ کی سربراہی میں اجلاس۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ضلع بھر کے تمام SDPOs SHOS سمیت اہلسنت، اہل تشیع اور دیگر فقہ کے علما کرام ضلع کے عہدیداروں اور ممبران حضرات نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محرم الحرام کے سلسلے میں سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ پر ضلعہ کشمور کے تمام عہدیداراں اور ممبران متفق ہوئے اور عمل درآمد کرنے کے پابند ہونے کی یقیں دہانی کرائی اور ایک دوسرے کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ کوئی بھی ماتمی جلوس، مجلس ، ریلی وغیرہ بغیر اجازت کے نہیں نکالی جائے گی۔ کوئی بھی ماتمی جلوس کا راستہ تبدیل نہیں کیا جائے گا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے، لائوڈاسپیکر، اشتعال انگیز بیانات اور غلط نعرے بازی نہیں کی جائے گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا تمام ماتمی جلوسوں، مجالس، ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی دی جائے گی۔ پولیس، رینجرز اور رضاکار مل کر سیکورٹی کے انتظامات سنبھالیں گے۔ ایس ایس پی کشمور امجد احمد شیخ نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات سخت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ محرم الحرام کے دنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سندھ بلوچستان بارڈر پر پولیس کی اضافی پولیس پکٹس قائم کر دی گئی ہیں۔ ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں میں قائم گیسٹ ہائوس، سرائے اور ہوٹلوں میں مسافروں پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور وقتاً بہ وقتاً اسنپ چیکنگ کا انتظام کیا جائے گا اور کچے کی طرف آنے اور جانے والے راستوں پر خصوصی چیکنگ کا بندوبست کیا جائے گا۔