پیٹرول کے نرخوں میں چار مرتبہ اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے،جماعت اسلامی

245

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہدچنانے پیٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھر اضافہ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ظالمانہ اورظلم ون نا اصافیوں کے مارے غریب عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھیننے کی کوشش قراردیا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی دعووں کے برعکس دوماہ کے دوران چوتھی بار اور13روپے فی لیٹر سے زائدقیمتوں میںاضافہ سراسرظلم ہے۔ایک طرف وزیراعظم عمران خان فرماتے ہیں کہ لاک ڈائون لگاکر معیشت تباہ نہیں کریں گے،ان کے بقول لاک ڈائون کا مطلب لوگوں کو بھوکا مارنا ہے مگردوسری جانب وفاق اور سندھ کی حکومتیں مل کر عالمی ایجنڈا پورا کررہی ہیں۔ ایف اے ٹی ایف اور آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق پیٹرول ، بجلی ، گیس کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ جس کے نتیجے میں وہ تمام چیزیں بھی مہنگی ہورہی ہے جن کا پیٹرول ، بجلی اور گیس سے تعلق ہے۔ بجٹ آنے کے بعد سے چار مرتبہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھادی گئی ہیں اور اسے آئی ایم ایف کے حکم کے مطابق 120روپے فی لیٹر تک پہنچادیا گیا ہے۔ساتھ میں یہ بھی فخریہ اعلانات کیے جارہے ہیں کہ اب آئی ایم ایف کی کوئی شرط نہیں مانی جائے گی جوکہ عوام کے زخموں پرنمک پاشی کے مترادف ہے۔کیونکہ پیٹرولم مصنوعات میں اضافہ سے ہر چیز مہنگی خاص طور پرروزہ مرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان پرچلی جاتی ہیں جس سے عام غریب آدمی ہی متاثر ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وبا سے کوئی انکار نہیں مگرحکومت وبا کے خاتمے کے لیے اقدامات وسہولیات فراہم کرنے کے بجائے تمام تروسائل عوام کو ڈرانے دہمکانے ،کرپشن اوربھوک وافلاس بڑھانے میں خرچ کررہی ہیں۔حکمران یہ بھی نہیں بتاسکتے کہ1240ارب روپے کہاں گئے؟َ عوام تو ویکسین وخوراک کے لیے دربدردھکے کھارہے ہیں۔اسپتالوں میں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔اس لیے تعلیمی اداروں سے بازاروں تک لاک ڈائون کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے اس میں عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔