یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائیں گے،سنی تحریک

154

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)پاکستان سنی تحریک ضلع ٹنڈوالٰہیار کے صدر حافظ علی اصغر نقشبندی نے کہا ہے کہ یوم آزادی پاکستان ملک گیر سطح پر شایان شان طریقے سے منائیں گے آزادی عظیم نعمت ہے جوطویل جدوجہد اور بڑی قربانیوں کے بعد ہمیں ملی ہے ،ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں ملک کی سلامتی کیلیے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے،یوم آزادی کی تقریبات نیو جنریشن کو تاریخ اور قربانیوں سے آگاہ کرتی ہے ،کارکنان یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلیے ایس اوپیز پر عمل کرتے ہوئے کام کریں ،گلی ،محلوں اور گھروں کو سبز ہلالی پرچم کی جھنڈیوں سے سجائیں دیں اور گھروں پر قومی پرچم لہرائیں پاکستان بنانے کیلیے 22 لاکھ ہماری ماں ،بہنوں ابااجداد اور اسلام نے قربانیاں دی ہیں ،سندھ حکومت لاک ڈائون کی سخت پالیسیوں کو نرم کرے ،دہاڑی دار مزدور طبقہ پریشان ہے آزادی کے مہینے میں جمہوریت وعوام دشمن پالیسیوں کو ختم کیا جائے ،عوام کو ان کے بنیادی حقوق حکمران مہیا نہیں کرسکتے تو پھر ان کی معاشی آزادی سلب کیوں کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے مہینے میں پاکستان سنی تحریک کے تحت ملک بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ،ملک کو سرسبز وشاداب بنانے اور آلودگی کو ختم کرنے کیلیے ہر فرد ایک درخت لگائے ،ہمیں اپنے وطن سے دل وجان سے زیادہ محبت ہے اور اس کی بقاوسلامتی کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کی واحد مملکت ہے جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آئی ہے ،حکومت ملک میں ریاست مدینہ طرز حکمرانی کیلیے راہ ہموار کرے ،پاکستان سنی تحریک ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کیلیے کوشاں ہے ،ان شاء اللہ ملک میں آقا کریمﷺ کا نظام نافذہوکر رہے گا۔