ڈگری، ضلعی افسران کا لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ

117

ڈگری (نمائندہ جسارت) کورونا وائرس کی چوتھی خطرناک لہر کے پھیلاو کو روکنے کے لیے لاک ڈاون پر عملدرآمد کرانے کے لیے ڈگری انتظامیہ کا پولیس کے ہمراہ شہر کا گشت، شہر میں کھلنے والا کاروبار بند کرا دیا۔ کورونا وائرس کی چوتھی خطرناک لہر کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں لگائے گئے 8 اگست تک کے لاک ڈاؤن کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کے لیے ڈگری کی مقامی انتظامیہ اسسٹنٹ مختارکار ایاز شالمانی نے پولیس کے ہمراہ شہر میں کھلنے والی مختلف مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹرز اور مین شاہراہوں کا گشت کیا اور کریانہ، میڈیکل اسٹور، دودھ، دہی سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے کاروبار کے علاوہ لاک ڈائون کے دوران ممنوعہ کاروبار بند کروا دیا اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کی۔ واضح ہو کہ حکومت سندھ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان تو کر دیا مگر غریب دیہاڑی دار طبقے کے لیے کوئی ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کیا جس کے باعث دیہاڑی دار اور غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔