مولانا تنویر الحق تھانوی کی پی ٹی آئی چھوڑ کرپی پی میں شمولیت

170

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی)چھوڑ کر پیپلز پارٹی (پی پی) میں شمولیت کا اعلان کر دیاہے۔مولانا تنویر الحق تھانوی نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس موقع پر نثار کھوڑو نے کہا کہ مولانا تنویر الحق تھانوی پی ٹی آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں حکومت بنانے کی باتیں کرنے والے عوام کے مسترد کردہ ہیں، یہ لوگ ملک بھر میں مسترد ہوں گے،ارباب رحیم پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے کتنی جماعتیں تبدیل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو کسی بھی صوبے میں سیاست کرنے کا حق ہے، عمران خان اپوزیشن لیڈر کے اوپر سندھ میں کسی اور کو لے کر آئے ہیں جس پر حلیم عادل شیخ کو سوچنا چاہیے کہ اب ان کی حیثیت کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت کے 13 سال پر سوال اٹھانے والے ان 40 برس کی حکمرانی کرنے والوں کے لیے بھی سوال کریں۔اس موقع پر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہا کہ دینی خدمات کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہماری دھرتی ہے، سندھ ہی میں ہمارا جینا مرنا ہے،امید ہے پیپلز پارٹی ہماری صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گی۔واضح رہے کہ مولانا تنویر الحق تھانوی ایم کیوایم کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے، وہ چند ماہ قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تھے۔