پنجاب: ارکان اسمبلی استحقاق ترمیمی ایکٹ دوبارہ منظور

163

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی استحقاق ترمیمی ایکٹ2021ء دوبارہ منظور کرلیا۔ پرائیویٹ ممبر ڈے پر منگل کو ایوان میں دوبارہ رکن پنجاب اسمبلی ساجد بھٹی نے بل پیش کیا جسے تمام ارکان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ بل کے مطابق ایکٹ کا اطلاق صحافیوں پر نہیں ہوگا جبکہ بیوروکریسی معزز ارکان اور ایوان کا استحقاق مجروح کرنے پر جوابدہ ہوگی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بل کے معاملے پر صرف 2 یا 3 بیورکریٹس نے مسئلہ پیدا کیا جبکہ ریسکیو کے معاملے پر بھی بیوروکریٹ نے کام خراب کیا‘ قومی اسمبلی میں بیوروکریٹ استحقاق کمیٹی کے حکم پر دوڑے چلے جاتے ہیں لیکن اب بل کی منظوری سے بیوروکریٹ میں جرأت نہیں ہوگی کہ وہ رکن کی بات نہ سنے‘ بیوروکریسی کی بدمعاشی اب نہیں چلنے دیں گے۔