پاکستان نے انسداد کورونا کے موثر انتظامات کیے، عالمی بینک

119

اسلام آباد (اے پی پی) عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کیلیینائب صدر نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے کورونا کے حوالے سے موثر انتظامات کیے ہیں، عالمی بینک ترقی پذیر ممالک کی معاونت کیلیے پرعزم ہے تاکہ وہ کورونا ویکسین خرید سکیں اور اس مقصد کیلیے عالمی بینک نے پاکستان کیلیے بھی 150 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے عالمی بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کیلیے نائب صدر ہارٹ وگ شیفر اور کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسنے نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے نائب صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے 1950ء سے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں بینک کے کردار کا اعتراف کیا۔ انہوں نے عالمی بینک گروپ کی جانب سے کورونا ویکسین کیلیے ترقی پذیر ممالک کے 12 ارب ڈالر کے مجوزہ امدادی اقدام کو خوش آئند قرار دیا جس کی مدد سے ترقی پذیر ممالک میں ایک ارب افراد کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔ عالمی بینک کے نائب صدر نے کہا کہ عالمی بینک پاکستان کیساتھ اپنی شراکت داری کو بنیادی اہمیت دیتا ہے اور موجودہ حکومت کی جانب سے اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کیے جانے والے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔