شیعہ علماکونسل کامحرم جلوسوں کو احتجاجی دھرنوں میں تبدیل کرنے کا عندیہ

254

لاہور(نمائندہ جسارت)شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں فرقے موجود ہیں مگر فرقہ واریت نہیں ہے،عزاداری کسی کے لیے تکلیف کا باعث نہیں،عزاداری حکومت کے بھی خلاف نہیں ، عزاداری یزیدی سوچ کے خلاف ہے،اہل سنت ہمارے بھائی ہیں اور وہ جلوسوں اور مجالس میں ہمارے ساتھ ہوتے ہیں،ہم واضح کرتے ہیں کہ مقدمات، گرفتاریاںاور دبائو عزاداری کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے،ہرآزمائش میںہم سرخرو ہوئے،عزاداری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عزاداری کے خلاف رکاوٹیں بند نہ کی گئیں اور علامہ مظہر کاظمی کو فی الفور رہا نہ کیا گیاتو عاشورہ محر م الحرام کے جلوسوں کوروک کر احتجاجی دھرنوں میں تبدیل کردیں گے،ہم واضح کرتے ہیں کہ کسی ماتمی جلوس کے روٹ سے ایک انچ پیچھے ہٹنے ،مجلس یا جلوس کے وقت میںایک سیکنڈ کم کرنے کو تیار نہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ عزاداری کیخلاف درج تمام جھوٹی ایف آئی آرز کو واپس لیا جائے،نئی مساجد اورامام بارگاہوں کی تعمیر میں رکاوٹیں بند کی جائیں ، فورتھ شیڈول کا غلط استعمال ختم کرکے اس ظالمانہ قانون میں ڈالے گئے افراد کو نکالا جائے،سی ٹی ڈی کے ظالمانہ وغیر قانونی اقدامات کو روکا جائے اور اسے لگام ڈالی جائے۔پریس کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالخالق اسدی ، مولانا روح اللہ کاظمی،قاسم علی قاسمی ، شوکت علی اعوان، جعفر علی شاہ، مولانا صفدر علی ، لعل مہدی خان و دیگر موجود تھے۔