سندھ میں 9 اگست سے نئے تعلیمی سال کے آغاز کا مطالبہ

129

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی اور مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر نجیب میمن، دوست محمد دانش، شہاب اقبال اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میںوزرائے تعلیم، این سی او سی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 اگست کے ہونے والے اجلاس میں سندھ میں 9 اگست سے نئے تعلیمی سال کے آغاز کا اعلان کیا جائے اور سندھ بھر کی جامعات میں بھی 9 اگست سے نیا سیمسٹر شروع کیا جائے۔دو سال کے نقصان کی وجہ سے یونیورسیٹیز کے طالبعلموں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ مسلسل تیسرے سال تعلیمی قابلیت کا نا قابل اندازہ نقصان برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی اسکولز میں ایس و پیز اور 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز کا آغاز کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 70 سے 80 فیصد ایجوکیشن اسٹاف ویکسین لگواچکے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی بار بار بندش سے سندھ کے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ طلبہ وطالبات کا مستقبل زوال پذیر ہے۔