یو اے ای کا پاکستانی مسافروں پر پابندی ختم کرنیکا اعلان

142

ابوظہبی (صباح نیوز)متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس پر عاید پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسی طرح مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت بھی دی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات کی
نیشنل ایمرجنسی اینڈ کرائسز مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا کہ5 اگست سے پاکستان، بھارت اور نائیجیریا سمیت کئی دیگر ممالک کی ٹرانزٹ فلائٹس پر عاید پابندی ختم کر دی جائے گی۔ ان دنوں بیرون ممالک جانے والے ہزاروں مسافر پاکستان میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈے کو بین الاقوامی مسافروں کے لیے حب قرار دیا جاتا ہے۔ کورونا وائرس سے خلیجی ملک نے جنوبی ایشیا سمیت افریقی ممالک سے آنے والی پروازوں پر پابندی عاید کر دی تھی۔ دبئی حکام کا کہنا تھا کہ جن ممالک پر پابندی عاید کی گئی تھی، ان ممالک سے ٹرانزٹ مسافر اب دبئی ائرپورٹ کا استعمال کر سکیں گے تاہم ایسے تمام مسافروں کو منفی پی سی آر ٹیسٹ دکھانا ہوگا، جو روانگی سے 72 گھنٹے پہلے کرایا گیا ہو۔متحدہ عرب امارات پہنچنے والے تمام مسافروں کو اپنی حتمی منزل کا ٹکٹ دکھانا ہو گا۔ ایسے مسافروں کے لیے متحدہ عرب امارات کے ڈیپارچر ائرپورٹس پر الگ سے ٹرانزٹ ایریاز مختص کیے گئے ہیں۔