مقبوضہ کشمیراقوام متحدہ کا تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے‘پاکستان

150

اقوام متحدہ(اے پی پی) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کے بھارتی دعوی کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات اس وقت نتیجہ خیز ہو ں گے جب بھارت متنازع علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کو واپس لے گا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کا تسلیم کردہ متنازع علاقہ ہے نہ کہ یہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ پاکستانی مندوب نے زور دیا کہ رائے شماری کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادیں موثر ہیں اور صرف اسی ادارے کے ذریعے منسوخ کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر کے الحاق کے لیے5 اگست 2019ء کا یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام سلامتی کونسل کی 2قراردادوں کی خلاف ورزی ہے اور اس لیے یہ غیرموثراور کالعدم ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں کشمیر میں شروع کی گئی ڈیموگرافک تبدیلیوں کو منسوخ کرنے، وہاں ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور5 اگست 2019ء اور اس کے بعد کیے گئے تمام یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی واپسی تک بھارت کے ساتھ مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہوں گے ۔