چینی حکومت کا ووہان کے شہریوں کا کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

433

بیجنگ: چین نے ووہان شہر کے تمام باشندوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چین میں منگل کو کورونا وائرس کے 61 کیسز سامنے آنے ہیں اور تیزی سے پھیلنےسے حکام میں تشویش شروع ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو ووہان کے حکام نے کہا ہے کہ وہ شہر کی تمام آبادی کے کورونا ٹیسٹ کریں گے،  یہی وہ شہر ہے جہاں ایک سال قبل کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ ووہان کے سینیئر عہدے دار لائی تاؤ نے کہا ہے کہ ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی کے اس شہر میں تیزی سے جامع نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹنگ شروع کر رہے ہیں۔

حکام نےگزشتہ  روز اعلان کیا  تھا کہ باہر سے آ کر ووہان میں کام کرنے والے مزدوروں میں وائرس کے سات کیسز سامنے آئے ہیں جس نے گذشتہ ایک سال کے دوران مقامی سطح پر نئے کورونا کیسز نہ آنے کے سلسلے کو توڑ دیا ہے۔

خیال رہے چین میں منگل کو کورونا وائرس کے 61 کیسز سامنے آنے ہیں اور تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویرینٹ کے درجنوں شہروں تک پہنچنے کے بعد نانجنگ ائیر پورٹ میں صفائی کرنے والوں میں انفیکشن نے ملک بھر میں کورونا کیسز کے نئے سلسلے کو جنم دیا ہے۔

واضح رہے یہ تازہ اعلان وسطی چین کے صوبے ہنان کے سیاحتی مقام ژانگ جیجی اور اس کے قریبی شہر ژوژو میں اسی نوع کے احکامات جاری کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

 کورونا کیسز کا یہ سلسلہ نانجنگ سے ہنان میں گذشتہ ماہ اس وقت پھیلا جب وائرس سے متاثرہ افراد نے نانجنگ ہوائی اڈے پر ایک تھیٹر پرفارمنس میں شرکت کی تھی۔

دوسری جانب  موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو بیجنگ میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یادرہے اس سے قبل چین کامیابی سے مقامی سطح پر کورونا کیسز کی تعداد کو صفر تک لایا تھا اور اپنی معیشت کو بحال کیا تھا لیکن اس سال جولائی کے وسط کے بعد چار سو نئے کیسز سامنے آنا اس کامیابی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔