کراچی: ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرپولیس انسپکٹرز کو بھی کارروائی کا اختیار حاصل، نوٹیفیکیشن

346

کراچی: حکومت سندھ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ نئے ترمیمی حکم نامے میں  ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایس ایچ اوزسمیت انسپکٹرلیول کے افسر کو بھی مکمل کاررائی کرنے کااختیار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ سندھ نے ایس ایچ اوز کو کاررائی کا اختیار دینے کے حوالے سے ترمیمی نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اور  صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق دکانوں،صنعتوں اور دفاتر میں بھی ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرپولیس انسپکٹر کارروائی کرسکے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل تک کارروائی کرنے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس تھا مگر اب نوٹی فکیشن کے تحت پولیس انسپکٹر یا ایس ایچ او سندھ  وبائی امراض ایکٹ کی شق 3 کے تحت کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے۔

خیال رہے پولیس انسپکٹر یا ایس ایچ او ایس اوپیز کی خلاف ورزی پرنوٹس کا اجرا کرسکیں گے اور ہدایات بھی دے سکیں گے جبکہ گزشتہ روز عدالت نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے سے منع کردیا ہے۔