سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوروناوائرس میں مبتلا

339

کراچی: سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوروناوائرس میں مبتلا ہوگئے،  وکیل نے قائم علی شاہ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی جبکہ عدالت نے 21 ستمبر تک عبوری ضمانت میں توسیع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں غیرقانونی بھرتیوں اوراختیارات کے ناجائزاستعمال کے کیسز میں سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، صوبائی وزیر شرجیل میمن اوردیگرکی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کوروناوائرس میں مبتلاہوگئے ، جس پر قائم علی شاہ کی میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی گئی جبکہ وکیل نے بتایا کہ قائم علی شاہ بہت علیل ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے ان کی ضمانت منظور کی جائے۔

دوسری جانب  نیب کیس کے حوالے سے شرجیل میمن عدالت میں پیش ہوئے ،  نیب پراسیکیوٹر نے کہا ملزمان کیخلاف انکوائری مکمل ہوچکی ہے، جس پر عدالت نے شرجیل میمن، قائم علی شاہ اوردیگرکی عبوری ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع کردی اور نیب سےآئندہ سماعت پرپیش رفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔

واضح رہے نیب کے مطابق محکمہ اطلاعات سندھ میں من پسندافراد کی غیر قانونی بھرتی کا الزام ہے، جس میں قائم علی شاہ، شرجیل میمن نے سندھ ہائیکورٹ سےعبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔