نورمقدم کیس‘ ملزم ظاہر جعفر کو14روزہ ریمانڈپر جیل بھیجنے کا حکم

128

اسلام آباد (صباح نیوز)جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ خان کنڈی نے نور مقدم قتل کیس میں گرفتار ملزم ظاہر جعفر کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے پولیس کو دوبارہ ظاہر جعفر کو 16اگست کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے،
اس لیے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا جائے۔ دوران سماعت ڈیوٹی جج نے استفسار کیا کہ ملزم ظاہر جعفر کہاں ہے؟ ڈیوٹی جج نے ملزم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ عدالت کے سامنے کچھ کہنا چاہتے ہیں تو کہہ سکتے ہیں۔ اس پر ملزم نے کہا کہ ان کے وکیل ہی عدالت میں بات کریں گے۔ ڈیوٹی جج شائستہ کنڈی نے کہا کہ پولیس والے تو بادشاہ لوگ ہیں، وہ تو ضمنی چالان بھی لاتے رہتے ہیں۔