ایف بی آر نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم 2021 کے قوانین نوٹیفائی کردیے

156

 

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)فیڈرل بورڈ آف ریوینو(ایف بی آر) نے نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم 2021 کے قوانین نوٹیفائی کردیے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم 2021 کے قوانین کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے جوکہ 14 اگست 2021 سے نافذالعمل ہو گا۔ نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم کووفاقی حکومت نے منظورکیا ہے اور فنانس ایکٹ 2021 کے تحت پارلیمنٹ سے منظوری لی گئی ہے۔ یہ اسکیم مو جودہ جاری اسکیموں جیسے مینوفیکچرنگ بانڈ، ڈی ٹی آر ای اور ایکسپورٹ اورینٹڈ اسکیموں کے ساتھ جاری رہے گی۔موجودہ اسکیموں کو مرحلہ وار دو سالوں کے اندرختم کردیا جائے گا جس کے بعدنئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم 2021 مکمل طور پر لاگو ہو جائے گی۔نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم 2021 کے قوانین کو ایف بی آر ویب سائٹ پر دیکھا جا سکتا ہے اس اسکیم کو استعمال کرنے والوں میں مینوفیکچررز و ایکسپورٹرز ، کمرشل ایکسپورٹرز، ان ڈائریکٹ ایکسپورٹرز ، کامن ایکسپورٹ ہاؤسز ، وینڈرز اور انٹرنیشنل ٹول مینوفیکچررز شامل ہیں۔ اس اسکیم کو استعمال کرنے والوں کے ان پٹس کی منظوری کسٹمز کولیکٹر اورڈائیریکٹر جنرل ان پٹ آؤٹ پٹ آرگنائزیشن دے گا۔ ان پٹ میں ایسی تمام اشیاء شامل ہیں جو کہ باہرسے درآمد کی گئی ہوں یا مقامی طورپربنائی گئی ہوں تاکہ اشیاء کی پیدوار کو برآمد کیا جا سکے ان پٹ اشیاء میں خام مال،ا سپیر پارٹس، کمپونینٹس، سازوسامان ، پلانٹ اورمشینری شامل ہیں ان پٹ کی درآمد پر کوئی ڈیوٹی یا ٹیکس لاگو نہیں ہو گا اور مقامی طورپران پٹس کی فراہمی بھی زیرو ریٹیڈ ہوگی۔اس اسکیم کے تحت کامن ایکسپورٹ ہاؤس خام مال کو ڈیوٹی اور ٹیکس فری درآمد کریں گے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹرپرائزز کو فروخت کریں گے۔ اس اسکیم کے تحت انٹرنیشنل ٹول مینوفیکچرنگ کو پاکستان میں اجازت دی گئی ہے نئی ایکسپورٹ سہولتی اسکیم کے تحت کم از کم ڈاکیومینٹیشن کی ضرورت ہو گی جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے انٹر پرائزز کی حوصلہ افزائی ہو گی۔