یو بی جی رہنمائوں کا 2 بلین ڈالر سے زائدکی ریکارڈ آئی ٹی برآمدات کا خیرمقدم

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ( یو بی جی) کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر، چیئرمین افتخار ملک، صدر زبیر طفیل اور ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی میں یو بی جی کے دیگر رہنماؤں اور ممبران نے وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو آئی ٹی ایکسپورٹ کو ملکی تاریخ میں پہلی بار 2 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔یو بی جی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کے سافٹ امیج کو بہتر کیا ہے جس سے مستقبل میں مزید اضافہ کی توقع ہے۔ یو بی جی کی قیادت نے بجٹ میں ٹیکسوں اور طریقہ کار میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ مختلف مراعات کا بھی خیر مقدم کیا کہ جس کے نتیجے میں آئی ٹی برآمدات کی حوصلہ افزائی ہوئی، خاص طور پر برآمدات کے لحاظ سے جو گزشتہ سال 1.44 بلین امریکی ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کی گئی تھی۔