اسپورٹس بورڈ پنجاب انٹر ا سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں تعاون کریگا،عدنان ارشد اولکھ

119

لاہور(جسارت نیوز)ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کی زیرصدارت کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس پیر کے روز نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا، اجلاس میںپاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کی انٹر سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کے انعقاد سے متعلق اُمور کا جا ئزہ لیا گیا،پاکستان کرکٹ بورڈ سینٹرل پنجاب ایسوسی ایشن کے خرم نیازی، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر اسپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر رئوف باجوہ ،ڈویژنل اسپورٹس افسران ندیم قیصر، رانا حماد، طارق نذیر اور وحید بابر ودیگرنے اجلاس میں شرکت کی، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب انٹر ا سکولز کرکٹ چیمپئن شپ کے انعقاد کے لئے ہر طرح سے تعاون کریگا،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی،کرکٹ کے فروغ کیلئے چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے کرکٹ کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، ا سپورٹس بورڈ پنجاب کرکٹ کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے تاکہ نیا ٹیلنٹ سامنے آئے، انٹر اسکولز کرکٹ چیمپئن شپ 15ستمبر سے 10اکتوبر تک ہوگی جس میں 2500سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے۔