سعودی سرمایہ کار کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں‘ بزدار

172

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداراور سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کے درمیان اسلام آباد میںملاقات ہوئی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں
تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں۔ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ پاکستان بھی سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کی انتہائی سازگار فضا فراہم کی گئی ہے ۔سعودی عرب کے سرمایہ کارپنجاب میںسرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں – حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے کاروبار میں بے پناہ آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کورونا کے باوجود حکومت کی بزنس فرینڈ پالیسیوں سے معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ سعودی عرب کے سفیر نے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔