عوام پر ویکسی نیشن کارڈ کے بنا سفر و سرکاری دفاتر میں انٹری بند ہے

97

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان حکومت کے ترجمان ایڈووکیٹ لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا کے تیزی سے پھیلائو روکنے کے لیے ایس او پیز کی پاسداری اور ویکسینیشن لازم قرار دیا گیا ہے،بنا ویکسینیشن کارڈ کے سفراور سرکاری دفاتر میں انٹری پر پابندی عائد ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر نے بلوچستان میں خطرے کی گھنٹی بجادی ہے کورونا ڈیلٹا ویرینٹ سب سے خبرناک قسم ہے جو بلوچستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے، خطرناک صورتحال کے باوجود بھی عوام کورونا سے بچائو کی ایس او پیز کی پاسداری کررہے ہیں اورنہ ہی ویکسین لگوارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افسوسناک عمل یہ ہے کہ عوام لاک ڈائون اور سختیوں کے سواایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کرتے عوام کی غفلت کے باعث کوئٹہ میں کورونا کے کیسز بڑھنا شروع ہوگئے ہیں اس وقت 750 افرادکورونا میں مبتلا ہیںجن کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔ لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کوروانا سے بچائو کی ویکسین کی کوئی کمی نہیں یکم اگست سے یومیہ 24 ہزار افراد ویکسین لگوانے کا ٹارگٹ سیٹ کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس گیٹ پر ویکسینیشن کی سہولت دستیاب ہے جہاں یومیہ 80 افراد کو ویکسین لگوائی جا رہی ہے ، ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بنا سفری سہولیات پر پابندی ہوگئی جن افراد کو کورونا ویکسینیشن کارڈ کے حصول میں مشکلات ہیں اسے حل کرنے کے لیے نادرا سے رابطہ کیا گیا ہے امید ہے جلد مسائل کا خاتمہ ہوگا۔