قوم نے دیکھ لیا نام نہاد اپوزیشن کا شیرازہ بکھر چکا ہے،جاوید قصوری

207

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا بیان کہ ’’پاکستان دنیا میں سب سے سستا ملک ہے‘‘ قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکومت نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اس کو دکھائی ہی نہیں دیتا کہ دنیا کے زمینی حقائق کیا ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی ایشیا میں سب زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے دیکھ لیا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن کا شیرازہ بکھر چکا ہے۔ مسلم لیگ ن ، اورپیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے صرف اور صرف ذاتی مفادات کو حاصل کرنے کی کوشش کی تھی اگر یہ اتحاد حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے کام کرتا تو آج حکومت گھر جاچکی ہوتی۔ قوم دیکھ لے کہ اس کے ساتھ کون مخلص ہے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی ایشوز کو اجاگر کیا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران چار مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ کیا گیا جو کہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ حکومت عوام دشمنی پر اتر آئی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ اگر حکمرانوں نے اپنی طرز حکومت کو تبدیل نہ کیا تو پاکستان کے 22کروڑ عوام ان کو تبدیل کر دیں گے ۔ماضی کے حکمرانوں کا انجام بھی سب کے سامنے ہے ۔ تبدیلی کے نام پر قوم کو جو لالی پاپ دیا گیا اس کی حقیقت کھل چکی ہے۔ عوام کی توقعات اور پاکستان تحریک انصاف کے لی نرم گوشہ ختم ہو چکا ہے۔