ٹنڈوالہیار ،بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنادیا

225

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالہٰیار میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو ذہنی مریض بنادیا ،بجلی کے ستائے شہریوں نے حیدرآباد اور میرپور خاص روڈ پر حیسکو کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شہری حیسکو حکام اور اہلکاروں کی زیادتیوں پر پھٹ پڑے، لائن لاسز پورے کرنے کی لیے ہمیں عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، سی ای او اور دیگر حیسکو حکام نے صارفین کو اپنے ماتحت افسران اور اہلکاروں کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی سمیت دیگر بالا حکام نوٹس لیں، مظاہرین۔ ٹنڈوالہٰیار شہر میں بجلی کی بار بار لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری بلا آخر سڑکوں پر نکل آئے، ٹنڈوالہٰیار کے علاقے نواب کالونی، برکت کالونی، مغل محلہ، بلوچ پاڑہ، ٹنڈوآدم ناکہ کے رہائشیوں کا چھے روز سے ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث بجلی کی بندش کیخلاف ٹائر جلا کر حیدرآباد اور میرپور خاص روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حیسکو کیخلاف سخت نعرے بازی کی اور حیسکو انتظامیہ کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر بالا حکام نے صارفین کو اپنے ماتحت افسران کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے، جس کا بھرپور فائدہ اٹھا کر حیسکو کے افسران اور اہلکاروں نے صارفین کے ساتھ زیادتیوں کی انتہا کردی ہے۔ شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باوجود ڈیڈکشن بل بھیجے جارہے ہیں، جن سے ہم ذہنی مریض بن گئے ہیں مگر کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے حیسکو کے چیف اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ خدارا انہیں ان زیادتیوں سے نجات دلائی جائے اور ان کی پریشانی کا سبب بننے والے حیسکو افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔