لاک ڈاؤن سے بے امنی، چوری، ڈکیتی میں اضافہ ہوگا، محبوب سہتو

138

سکھر (نمائندہ جسارت) سنی تحریک کے مرکزی رہنما محبوب علی سہتو نے ڈویژنل دفتر میں شہریوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈاؤن لگانے سے بے امنی، چوری، ڈکیتی میں اضافہ ہوگا، دو سال سے سندھ کے عوام معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروباری معاشی حالات بدتر ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے سندھ بھر میں امن وامان کا مسئلہ پیدا ہوچکا ہے۔ اس موقع پر ضلعی صدر انور کمال بلوچ، دانش قادری، بلال سومرو، خان محمد مغیری، علی حسن عطاری بھی موجود تھے۔ محبوب سہتو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور پولیس مکمل طور پر ناکام نظرآتی ہے، روز کہیں نہ کہیں سے اغوا، ڈکیتی، چوری کی خبریں آنا معمول بن چکی ہیں۔ شہری ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر ہیں، دن دہاڑے دکانیں لوٹ لی جاتی ہیں، لوگ اغوا ہورہے ہیں۔ دوسری جانب قبائلی جھگڑے زور پکڑتے جارہے ہیں، بدنام زمانہ ڈاکو ویڈیوز بناکر حکومتی رٹ کو چیلنج کرتے ہیں، مگر حکومت اس پر ایک لفظ بولنے کیلیے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں آٹھ دن کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ سندھ کے غریب عوام کے ساتھ دشمنی ہے، لوگ اپنے بچوں کو بھوکا دیکھ کر اکثر چوری ڈکیتی جیسی وارداتیں کرتے ہیں، مگر حکومت اقدات کرنے کے بجائے آدھی رات کوحکم نامہ جاری کیا جاتا ہے۔ بادشاہوں کو غریب عوام کی کچھ فکر نہیں، بڑھتی وارداتیں عوام کے لیے دھرا عذاب بن چکی ہیں۔