وزیراعظم کی جان کو خطرہ ہے ،وہ سیکورٹی کی پروا نہیں کرتے ،فواد چوہدری

180

اسلام آباد (این این آئی/ صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی جان کو خطرات ہیں لیکن وہ سیکورٹی کی پروا نہیں کرتے‘وزیراعظم سے یہ لڑائی رہتی ہے کہ اپنی سیکورٹی کا خیال کریں، اب وزیراعظم نے اپنی نقل وحرکت محدود کردی ہے‘ نوازشریف غصے میں ہیں اور فوج کے خلاف ان کا غصہ ختم ہی نہیں ہو رہا ہے‘ نوازشریف کو ضیا الحق نے بنایا تو پھر جس نے بنایا اس نے برباد بھی کردیا‘ فوجی اڈے مانگنے کی بات آفیشلی نہیں ہوتی‘ کوئی پاگل ہی ایسی بات لکھ کر دے گا۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ طالبان ہمارے کنٹرول میں نہیں لیکن ہمارا ان پر اثر و رسوخ ہے‘ افغانستان کے فیصلے پاکستان کی مرضی کے بغیر نہیں ہوسکتے‘ ہمارے اوپر ڈبل گیم کا الزام لگا لیکن حقیقت میں ہمارے ساتھ ڈبل گیم ہوا‘ ہم نے امریکا کا ساتھ دیا بدلے میں افغانستان میں براہمداغ جیسوں کو کیمپس دے دیے‘ نوازشریف نے ظلم کیا، اجمل قصاب فوج کا ملازم نہیں تھا لیکن کلبھوشن یادیوکا بھارت دفاع کر رہاہے ‘ فیٹف کی گرے لسٹ میں ہم ہیں‘ ہمارے یہاں کچھ دانشور ہیں جو ہر وقت پاکستان کے خلاف بات کرتے ہیں‘ پریس کانفرنس میں بتائوں گا کس طرح میڈیا کے کچھ لوگ اور باقی مل کر ملک کے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں‘ یہ شرمناک نیٹ ورک ہے جس میں نوازشریف، میڈیا کے لوگ، کچھ اورمل کر فوج کے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں ۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمیں اسمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی لے کر آنی چاہیے‘ ایسا لاک ڈائون نہیں ہونا چاہیے جس سے مزدور کی مزدوری، تاجروں کا کاروبار ختم اور صنعتیں بند ہو جائیں ۔