الخدمت اور بلدیہ کے اشتراک سے کراچی میں اسپرے مہم آغاز

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے باہمی اشتراک سے کراچی شہر میںخصوصی’’ اسپرے مہم ‘‘ کاآغاز کر دیا گیا ہے،مہم کا آغاز کے ایم سی بلڈنگ لائٹ ہاؤس سے کر دیا گیا ۔مہم کا افتتاح ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کرا چی لئیق احمد اور الخدمت کر اچی کے چیف ایگز یکٹو نوید علی بیگ نے کیا ۔قبل ازیں الخدمت اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے جس پر الخدمت کی جانب سے ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین نے اور بلدیہ عظمیٰ کے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز ایس ایم طحہٰ نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر الخدمت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، کوآرڈینیٹر الخدمت منظر عالم اورسینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن بلدیہ عظمیٰ خالد خان،، ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، ڈائریکٹر میونسپل پبلک ہیلتھ مجدد اسرانی، طارق مصطفی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچیلئیق احمد نے کہا کہ شہر میں پیر کے روز سے جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کر دیا گیاہے تاکہ عید الاضحی اور مون سون سیزن شروع ہونے کے بعد جو مکھیاں، مچھر اور دیگر حشرات پیدا ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جا سکے، اس مہم میں الخدمت ہمارے ساتھ ہے جس کے تعاون سے ہر ضلع میں اسپرے مہم باقاعدگی سے چلائی جائے گی۔یہ اسپرے مہم انتہائی فعال اور مؤثر انداز میں چلانے کے لیے الخدمت کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزیدکہا کہ مون سون سیزن میں شہریوں کو ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ضروری ہے کہ مؤثر انداز میں شہر بھر میں اسپرے کیا جائے۔ اسپرے مہم کراچی کے تمام اضلاع میں چلائی جائے گی اور رو زانہ کی بنیاد پر اسپرے کیا جائے گا۔ کے ایم سی اور الخدمت مشترکہ طور پر مہم چلائیں گے اور دونوں ادارے باقاعدگی سے اس کی نگرانی بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ضلع جنوبی میں کام شروع کر دیا گیا ہے اسی طرح مرحلہ وار ہر ضلع میں یہ مہم چلائی جائے گی اس کے لیے کے ایم سی نے 35گاڑیاں اور تربیت یافتہ عملہ فراہم کیا ہے ،جبکہ الخدمت گاڑیوں کا ڈیزل اور اسپرے کے لیے ادویات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پورا شہر کورونا وبا کی زد میں ہے۔ شہری انتہائی احتیاط سے کام لیں تاکہ اس جان لیوا وبا سے نمٹا جا سکے۔ کورونا وائرس کی یہ چوتھی لہر انتہائی خطرناک صورتحال اختیار کررہی ہے، ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ اپنی جانوں سمیت دوسرے شہریوں کی قیمتی جانیں بھی بچائی جاسکیں، نوید علی بیگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا اہم دن ہے، الخدمت نے کے ایم سی کے ساتھ شہر کی خدمت کے جذبے سے اسپرے مہم کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، الخدمت ایسی تنظیم ہے جو شہر مختلف مسائل حل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ مون سون کے بعد مکھی اور مچھر پیدا ہوتے ہیں جس سے بے شمار بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ضرورت تھی کہ کراچی میں اسپرے مہم شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ادارے اور سول سوسائٹی مل کر کام کریں گے تو بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک قومی ادارہ ہے اور آئندہ بھی مختلف فلاحی منصوبوں میں کے ایم سی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔