رواں سال برآمدات کا ہدف 38.7 ارب ڈالر ہوگا ،مشیر تجارت

98

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ رواں سال برآمدات کا ہدف 38.7ارب ڈالر ہو گا، ملک سے موٹر سائیکل اور موبائلز کی برآمد جلد شروع ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ مشیر تجارت نے کہا کہ 30جون تک گڈز برآمدات میں 25.3فیصد اضافہ ہوا۔ جون میں برآمدات ریکارڈ سطح پر رہیں، جولائی میں برآمدات 2ارب 30 کروڑ ڈالر رہیں جو کہ اس ماہ کی ریکارڈ برآمدات ہیں۔ عبدالرزاق داؤدکا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے ساتھ میک ان پاکستان پالیسی پر عمل پیرا ہیں، حکومت نے اس حوالے سے جامع اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ حقیقت پسندانہ ہے اور برآمد کنندگان کے بقایا جات ادا کیے گئے ہیں۔ بجلی گیس کی قیمتوں کو مسابقتی سطح پر رکھا گیا ہے۔