امریکا میں 2 مقامات پر فائرنگ‘ 3ہلاک‘ 10 زخمی

151

 

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی شہر نیویارک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق نیویارک میں مسلح افراد نے ہجوم پر فائرنگ کرکے 10 افراد کو زخمی کردیا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، جہاں تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ نیویارک پولیس کے مطابق حملہ کوئنس کے علاقے میں ہوا جس میں 4 افراد ملوث تھے۔ 2 حملہ آوروں نے فائرنگ کی، جب کہ دیگر 2 حملہ آور موٹر سائیکل پر بیٹھے رہے۔ فائرنگ کے فوراً بعد وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے زخمیوں میں 3 افراد گینگ کا حصہ ہیں اور وہی ممکنہ طور پر حملہ آوروں کا نشانہ تھے۔ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور یہ مقامی گروہوں کی چپقلش کا کیس ہے۔ دوسری جانب ریاست کیلیفورنیامیں تھیٹر کے اندر فائرنگ سے 2افراد ہلاک ہوگیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 19سالہ انتھونی برا اور 18 سالہ لڑکی ریلی گڈرچ شامل ہیں۔ دونوں کو سروں پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا اور انہیں تھیٹر کے ملازم نے خون میں لت پت پایا تھا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق لڑکی موقع ہی پر ہلاک ہوگئی تھی، تاہم انتھونی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج وہ دم توڑ گیا۔پولیس نے بتایا کہ اس کا کوئی خاص مقصد سامنے نہیں آیا۔