نائیجر میں قافلے پر بڑا حملہ‘ 15 فوجی ہلاک‘ 6 لاپتا

178

نیامے (انٹرنیشنل ڈیسک) افریقی ملک نائیجر کے جنوب مغربی علاقے میں کیے گئے حملے کے نتیجے میں 15فوجی ہلاک ہو گئے۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق نامعلوم افراد نے تورودی ضلع میں فوجیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں 7اہل کار زخمی اور 6لاپتا ہوگئے۔ یہ علاقہ برکینا فاسو اور مالی کی سرحدوں سے متصل ہے اور اس سرحدی تکون میں اکثر پرتشدد کارروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔ مقامی حکام نے بتایا کہ جنوب مغربی نائیجر کے ضلع تورودی میں ایک مشن پر جانے والے فوجی قافلے پر گھات لگائے مسلح افراد نے حملہ کردیا۔ زخمی اہل کاروں کی مدد کے لیے امدادی ٹیم کو طلب کیا گیا،تاہم حملہ آوروں نے ان پر بھی بم برسادیے۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں دونوں قافلوں کے مجموعی طور پر 15افراد ہلاک ہوگئے۔ 6 لاپتا اہل کار وں کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں مسلح افراد اغوا کر کے لے گئے ہیں۔ادھر حکومت کی جانب سے اس حملے کی ذمے داری مقامی عسکریت پسندوں پر عائد کی گئی ہے،تاہم کارروائی کے بعد کسی بھی مقامی یا بین الاقوای تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔ واضح رہے کہ افریقی ممالک میں الشباب اور باکو حرام کے جنگجو عام طور پر کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔